لاہور: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کر جانے کا خطرہ نہیں بلکہ ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال پر گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا۔
پاک امریکا تجارت و سرمایہ کاری مذاکرات پر اتفاق
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کامیاب غیر ملکی دوروں پر اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور معیشت میں بہتری کیلئے اتحادی حکومت کی کاوشوں کی تعریف کی۔
گفتگو کے دوران گورنر پنجاب نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے ضمن میں وزیرِ خزانہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اقتصادی ٹیم معاشی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملکی معیشت مزید بہتر ہوگی۔ مکی تاریخ میں ایسے معاشی چیلنجز کبھی نہیں رہے، تاہم پاکستان کے ڈیفالٹ کا خدشہ نہیں جو چند ناقدین کا خواب ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر گیا ہے یا نہیں؟ اس پر حکومت اور اپوزیشن کی رائے میں زمین آسمان کا فرق پایا جاتا ہے تاہم معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیفالٹ کے خدشات غیر ملکی دوروں سے کسی حد تک کم ضرور ہوگئے ہیں۔