اسلام آباد :وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کرے گی۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس متعارف نہیں کرایاجائے گا اور ہم ٹیکسوں کے حوالے سے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ہماری صنعتوں پر دباؤ بڑھے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ دور میں عالمی معیشت کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے ایسے وقت میں ٹیکس کی شرح کو بڑھانے کے بجائے معاشی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کرنیوالے شعبوں کو ترغیبات فراہم کرے گی ۔
حفیظ شیخ نے تعمیراتی شعبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کنسٹرکشن سیکٹر کیلئے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔
مشیر خزانہ نے کہاکہ برآمدات کے حوالے سے موجودہ مراعات کو نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ کیا جائے گااور پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے آئندہ بجٹ میں حکومت خام مال کی درآمد پر محصولات میں کمی لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی اور صنعتی یونٹوں کیلئے مختلف اقدامات کے ذریعہ لیکویڈیٹی کو یقینی بنانے کے لئے سبسڈی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت انجماد کی وجہ سے ملک سے برآمدات کو یقینی طور پر نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ عالمی کھپت کے بحران میں اگر بیرونی طلب کم ہوجاتی ہے تو ملک کی برآمدات میں بھی میں کمی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: معیشت پردباؤ نہیں ڈالنا چاہتے،ٹیکسز اکٹھے کرناچاہتے ہیں، حفیظ شیخ