پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکلا جس کے بعد ماہرہ خان نے اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایک کے بعد ایک فنکار کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے، ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کو خود کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر دی۔
معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد میں نے خود کو آئسولیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ میں نے گزشتہ کچھ دنوں سے اپنے ساتھ رابطے میں رہنے والے افراد اور ساتھی فنکاروں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ یہ کسی قدر مشکل ضرور ہے لیکن میں جلدی ٹھیک ہونے کی امید رکھتی ہوں۔
ماہرہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عمل کریں اور دعاؤں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت گزاری کیلئے مجھے نت نئی فلموں کے بارے میں بتائیں، جس پر مداحوں کے کمنٹس جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور و معروف اداکار بہروز سبزواری کورونا وائرس سے صحتیاب ہو گئے۔
آج سے 3 روز قبل شہروز سبزواری نے اپنے والد بہروز سبز واری کے کورونا وائرس سے صحتیاب ہو کر گھر واپس آنے کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں: اداکار بہروز سبزواری کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب