کراچی میں قومی شاہراہ پر 2 ٹرالرز کے مابین تصادم کے نتیجے میں 2 نوجوان افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دیہہ کاٹھور اور بحریہ ٹاؤن کے درمیان قومی شاہراہ پر 2 ٹرالرز آپس میں ٹکرا گئے، حادثہ تیز رفتاری اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیورنگ کے باعث پیش آیا۔
دونوں ڈرائیورز تیز رفتاری سے قومی شاہراہ پر ٹرالر چلا رہے تھے اور ایک دوسرے کے بریک لگانے کے خیال میں کسی ایک نے بھی بریک نہ لگاتے ہوئے ریس جاری رکھی جس کے نتیجے میں بھیانک تصادم ہوا۔
تصادم کے نتیجے میں 18 سالہ وحید ولد لال بخش اور 22 سالہ سجاد خان ولد اسد خان جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے باعث 35 سالہ شامی ولد شاہ مراد زخمی ہوا۔ زخمی فرد اور میتوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کے باعث کئی گھنٹوں تک قومی شاہراہ پر ٹریفک جام رہا۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ بعد ازاں پولیس نے ٹریفک بحال کرکے عوام کی مشکلات دور کردیں۔ جاں بحق افراد کی میتوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں عبداللہ گوٹھ سے 7 سالہ بچے کی لاش برآمد