پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار عبداللہ قریشی کی معذرت مسترد ہوگئی، خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ معافی مانگنے سے 1 ہفتہ قبل عبداللہ نے میری 18سالہ بہن کو پیغام ارسال کرکے ہراساں کیا۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر گلوکار عبداللہ قریشی نے ایک معذرت نامہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر اس شخص سے معذرت چاہتا ہوں جسے میں نے کسی بھی طرح نقصان پہنچایا ہو جبکہ ماضی کی غلطیاں میرے کیرئیر اور بیٹی تک کو متاثر کر رہی ہیں۔
معروف گلوکار عبداللہ قریشی نے مزید کہا کہ میں اپنی ذاتی غلطی کا الزام پینے کو نہیں دیتا لیکن پینا بھی میرا مسئلہ ہے اور میں لڑائی بھی کرتا ہوں تاہم لڑائی تو ہر شخص کی ہوتی ہے۔
گلوکار عبداللہ قریشی نے کہا کہ میں لڑائی پر معذرت نہیں کررہا بلکہ پیغامات ارسال کرنے پر معافی مانگتا ہوں۔ مجھے یہ مسئلہ بھی تھا اور بیٹی کی پیدائش کے بعد میں نے یہ سلسلہ روک دیا ہے۔
عبداللہ قریشی نے کہا کہ ایک سال قبل میں نے اپنے تمام مسائل اپنی اہلیہ کے سامنے رکھے اور ہم نے یہ معاملہ درست کردیا تھا۔ تاہم حال ہی میں ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ معروف گلوکار نے ان کی 18سالہ بہن کوایک ہفتہ قبل دھمکایا۔
یہی نہیں، بلکہ خاتون نے معروف گلوکار سے اپنی بہن کی گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردئیے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ مجھے عبداللہ قریشی کی اداکاری اور مصنوعی معذرت پر تشویش ہے۔
واضح رہے کہ عبداللہ قریشی گلوکار ہونے کے ساتھ ساتھ نغمہ نگار اور موسیقار بھی ہیں جن کی پیدائش وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی اور انہوں نے یو ٹیوب کے ذریعے شوبز کی دنیا میں کامیابی حاصل کی۔
نیس کیفے بیسمنٹ سیزن 4 میں معروف گلوکار عبداللہ قریشی کو دعوت دی جہاں انہوں نے آواز دو گا کر مداحوں کے دل جیت لیے، تاہم خاتون کی جانب سے الزام سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین میں تشویش پائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیس کیفے بیسمنٹ کے پروڈیوسر زلفی جبار پر جنسی ہراسانی کا الزام