اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے سابق معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں زیرِ تفتیش زلفی بخاری چارٹرڈ طیارے کے ذریعےگزشتہ ماہ 29 مئی کے روز دبئی پہنچے تھے جس پر قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا تھا کہ میں وطن واپس ضرور آؤں گا۔
وعدے کے مطابق سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری وطن واپس پہنچ گئے۔ راولپنڈی رنگ روڈ کے باعث زلفی بخاری نے معاونِ خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک تحقیقات جاری ہیں، عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم کے سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 29 مئی کو صبح کے وقت دبئی کیلئے روانہ ہوئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے سابق معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جن کے خلاف راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔
عمران خان کے حلقۂ احباب میں شامل سابق معاونِ خصوصی نے صبح کے وقت ملک چھوڑ دیا۔ زلفی بخاری خصوصی طیارے پر صبح 5 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئے۔
مزید پڑھیں: رنگ روڈ اسکینڈل میں زیرِ تفتیش زلفی بخاری دبئی روانہ
دبئی پہنچنے کے بعد اپنے ایک بیان میں سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات سے راہِ فرار اختیار کرنے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا تھا۔
سابق معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز 3 شخصیات کے ہمراہ دبئی روانہ ہوئے تھے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ وطن واپس آ کر تفتیش کا سامنا کروں گا۔
قبل ازیں باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں زیرِ تفتیش وفاقی وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے بھی بیرون ملک جانے کی تیاری کرلی ہے۔
گزشتہ ماہ 30 مئی کے روز کیے گئے ذرائع کے دعوے کے مطابق رنگ روڈ منصوبہ کیس میں مرکزی کردار غلام سرور خان نے ملک سے باہر جانے کی تیاری مکمل کر لی جو بھائی کے انتقال کے سبب جلد بیرونِ ملک نہیں جاسکے۔
مزید پڑھیں: زلفی بخاری کے بعد غلام سرور بھی بیرونِ ملک جانے کیلئے تیار، ذرائع