پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز سے شکست دے دی۔
پنڈی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینے کے بعد پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے کےلیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سعود شکیل 24، جیسن رائے 16، عقیل حسین 14، محمد عامر 13، لیوری ایونس 12 اور عمیر یوسف کے 10رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
کپتان رائیلی روسو 8، سہیل خان 7، خواجہ نافع 5 اور ابرار احمد صفر رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ محمد حسنین 2 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پشاور زلمی کے صائم ایوب، لیوک ووڈ، خرم شہزاد اور مہران ممتاز نے 2،2 وکٹ اپنے نام کیے۔ صائم ایوب جنہوں نے بیٹنگ میں 12 گیندوں پر 30 رنز کی باری کھیلی تھی، انہوں نے صرف 20 رنز دے کر 2 وکٹ حاصل کیے، انہیں آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر196 رنز بنائے۔
اننگز کی خاص بات کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلنے والے ویسٹ انڈین بولر عقیل حسین کی عمدہ کارکردگی ہے، انہوں نے حالیہ ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک اپنے نام کی۔
انہوں نے میچ کے 16ویں اور اپنے چوتھے اوور کی دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر پشاور زلمی کے عامر جمال، مہران ممتاز اور لیوک ووڈ کو شکار کیا۔
دوسری طرف پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 30 گیندوں پر 53، صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 30، ٹام کوہلر نے 19 گیندوں پر 33جبکہ محمد حارث نے 13 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔