اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو پاکستان میں کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔
شہرِ اقتدار میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اگر پاکستان کے عوام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہیں کرتے اور احتیاطی تدابیر ملحوظِ خاطر نہیں رکھی جاتیں تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔
گفتگو کے دوران معاونِ خصوصی صحت ظفر مرزا نے کہا کہ معاملات مزید خراب ہوسکتے ہیں اگر احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا گیا۔ ہم ہر ایک کو بار بار بتا رہے ہیں کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے صرف احتیاطی تدابیر ہی استعمال کی جاسکتی ہیں کیونکہ وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے۔
معاونِ خصوصی ظفر مرزا نے کہا کہ جو لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرتے ہیں یا مارکیٹس میں خریدوفروخت کیلئے جاتے ہیں، انہیں ماسک ضرور پہننے چاہئیں جبکہ عید الفطر کے موقعے پر بھی ایس او پیز پر عمل درآمد بے حد ضروری ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ موجودہ عید الفطر دیگر کسی بھی عید سے جو ہم نے ماضی میں گزاری ہو، مختلف ہے۔ ہمیں اپنے پیاروں سے اِس بار گلے ملنے اور مصافحہ کرنے سے پرہیز کرنا ہوگا اور جب بھی ان سے ملاقات ہو، ماسک پہننا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے روز کوشش کریں کہ مساجد میں داخلے سے گریز کیا جائے۔ کوشش یہ ہونی چاہئے کہ عید الفطر کی نماز بھی آپ گھر پر پڑھیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے جو ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔