اسلام آباد:تھانہ کوہسار کے علاقہ دامن کوہ روڈ پر پراسرارطور پر لاپتہ ہونیوالے 18 سالہ نوجوان کی لاش پانی کی ٹینکی سے برآمد ،مقدمہ درج، تحقیقات شروع کردی گئی۔
رکشہ چلاکر مزدوری کرنیوالامقتول چار روز سے لاپتہ تھا، پولیس نے قتل عمد کی دفعہ تین سو دو کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مدینہ ٹاؤن نیو شکریال راولپنڈی کا رہائشی 18 سالہ حمزہ والد راجہ محمد اسلم 11 اگست 2021ء بدھ کے روز رات دس بجے گھر سے نکلا اور پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔
گمشدگی کے چوتھے روز پندرہ اگست کو دن چار بجے کے قریب اس کی لاش دامن کوہ روڈ پر واقع پانی کی ٹینکی سے برآمد ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان کی لاش ٹینکی کے اندر اوندھے منہ پڑی ہوئی تھی۔
پولیس نے ٹینکی سے لاش نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کرا دی۔ مقتول نے سیاہ رنگ کی قمیض شلوار پہن رکھی تھی۔
پولیس نے قمیض کی جیب کی تلاشی لی تو ایک کاغذ کے ٹکڑے پر فون نمبر لکھا ہوا ملا جس پر رابطہ کیا تو وہ نمبر مقتول کے بھائی کا نکلا یوں ورثاء کو واقعہ کی اطلاع ملی۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کرکے واقعہ کا مقدمہ نمبر 435/21 بجرم 302 درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔