کراچی میں موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر 2 بہنوں کے اکلوتے بھائی کو گھر کی دہلیز پر قتل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ میں پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران کاشان نامی نوجوان پر فائرنگ کردی۔
لانڈھی بابر مارکیٹ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔اہلِ محلہ کے مطابق کاشان نجی کمپنی میں گرافک ڈیزائنر کی نوکری کرتا تھا۔
اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کو گھر کی دہلیز پر موبائل فون چھیننے کے دوران گولی ماری گئی۔ واردات کے دوران علاقے میں بجلی نہیں تھی اور کاشان گھر کے باہر بیٹھا تھا۔
موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے نوجوان سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کاشان جاں بحق ہوگیا۔
شہرِ قائد میں ہر گزرتے روز کے ساتھ جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ مسلح ملزمان بلاخوف و خطر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آتے ہیں اور شہریوں سے موبائل فون اور نقد رقم سمیت دیگر سازوسامان چھین کر لے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی پولیس نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے سفاک ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔
رواں برس 25 مارچ کے روز کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران وزیر علی نامی شہری کو مزاحمت پر قتل کردیا جس کا مقدمہ نمبر 506 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔
شاہ لطیف پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اندھے قتل اور ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کوگزشتہ ماہ 24 اپریل کے روز حراست میں لے لیا۔ 20 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث سرغنہ سمیت 4 ڈاکوؤں کی گرفتاری میں ضلع ملیر کی اینٹی اسٹریٹ کرائم ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں: ڈکیتی میں مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے والا ڈکیت گروہ گرفتار