چاہتا تھا کہ پی سی بی کو سہارا دوں، مگر اُسے ضرورت نہیں، یونس خان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

چاہتا تھا کہ پی سی بی کو سہارا دوں، مگر اُسے ضرورت نہیں، یونس خان
چاہتا تھا کہ پی سی بی کو سہارا دوں، مگر اُسے ضرورت نہیں، یونس خان

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ اُن کی کوشش تھی کہ پی سی بی کو سہارا دوں، مگر اسے نہیں چاہیے تھا اس لیے واپس آگیا۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے وقت ہی چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ نوکری لے لیں، بعد ازاں بھی ہر کوئی کہتا رہا کہ پاکستان کرکٹ کیلیے کام کرو، میں 3سال تک سوچتا رہا، اب جاکر حامی بھری۔

یونس خان نے مزید کہا کہ باہر آکراب دوسروں کی طرح باتیں کروں تو درست نہیں ہوگا،4،6ماہ گزرنے دیں تو پھر اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اورقومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں تھیں، پی سی بی نے یونس خان کی علیحدگی پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا،پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس حوالے سے با ت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان ذمہ داری سے سبکدوش

انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ مختصر دورانیہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، پرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اورقابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔لہٰذا دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔

Related Posts