پاکستانی اداکارہ یسریٰ رضوی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ماں اور بیٹے کی تصویر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ یسریٰ رضوی اور شریکِ حیات عبدالہادی ایک خوبصورت بیٹے کے والدین بن گئے۔ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر فنکارہ یسریٰ نے بیٹے کی پہلی تصویر شیئر کی۔
تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ یسریٰ رضوی نے تحریر کیا کہ ابنِ آدم، تم میری محبت اور حضرت آدم کی اولاد ہو۔ انسان ہونا تمہارا پہلا تعارف اور انسانیت کی خدمت تمہارا واحد مقصد ہے۔
اداکارہ یسریٰ رضوی نے کہا کہ انسان ہونے اور انسانیت کی خدمت کرنے کے علاوہ باقی چیزیں انہی دو باتوں کی مزید تفصیل سمجھی جاسکتی ہیں۔ میری دعا ہے کہ تم ایک زبردست زندگی گزارو۔
شوبز انڈسٹری کی 38 سالہ اداکارہ یسریٰ رضوی نے عبدالہادی سے آج سے 5 سال قبل شادی کی جن کے شوہر کی عمر یسریٰ سے کہیں کم ہونے کے باعث یہ جوڑا عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
متعدد ٹی وی ڈرامہ سیریلز میں مرکزی کردار ادا کرنے والی یسریٰ رضوی نے چڑیلز نامی ویب سیریز میں بھی کام کرکے عوام کی توجہ حاصل کی۔ ویب سیریز کو عوامی تنقید کا نشانہ بھی بننا پڑا۔
چڑیلز میں خواتین کو جس انداز میں دکھایا گیا، اس پر عوام نے شدید تنقید کی۔ آخری بار اداکارہ یسریٰ رضوی ڈرامہ سیریل ڈنک میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں جس کا موضوع ہراسگی کے بے بنیاد الزامات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ زویا ناصر اور جرمن بلاگر کرسچن بٹزمین کی راہیں جدا