اسلام آباد میں کورونا ایس او پیز کی بڑی خلاف ورزی، شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر بھیڑ لگ گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر عوام کی بھیڑ لگ چکی ہے اور سماجی فاصلے اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پکنک پوائنٹ شاہدرہ میں جڑواں شہروں کے عوام کی آمدورفت کے باعث بے پناہ رش ہے جس سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

کرونا کی تیسری لہر کے دوران وائرس کے مثبت کیسز کی 5 فیصد سے کم شرح رکھنے والے علاقوں میں اسکولوں کو کھولا جا رہا ہے تاہم تفریحی مقامات کو بند رکھا گیا تھا۔ 

 ضلعی انتظامیہ اور این سی او سی کی طرف سے نکالے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 24 مئی کو تفریحی مقامات کو ایس او پیز کے تحت کھولا جانا تھا، تاہم عوام نے اس کا انتظار نہیں کیا۔

 گرمی سے اکتائی ہوئی جڑواں شہر کی عوام نے ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پکنک پوائنٹ شاہدرہ کا رخ کرلیا جہاں خواتین، بچے اور نوجوان ماسک کے بغیر موجود ہیں۔

سماجی فاصلہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اسلام آباد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 15 فیصد ہے۔بے احتیاطی کے باعث کورونا وباء کے پھیلاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔ 

حیرت انگیز طور پر شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر پر اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں۔ماہرین کے مطابق ہجوم میں کورونا کے پھیلاؤ کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو پکنک پوائنٹس فوری طور پر خالی کرانے چاہئیں تاکہ کورونا وائرس کو شکست دی جاسکے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا، شہر اقتدار میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑادی گئیں، پارکس میں لوگوں کا ہجوم، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر مکمل طور پر فراموش کردی گئیں۔

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 8 تا16 مئی تک ملک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جبکہ عید کی تعطیلات کے دوران پارکس اور دیگر تفریحی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اسلام آباد میں عید کے دوسرے روز بڑی تعداد میں شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا۔

مزید پڑھیں: ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا