پاکستان کے سینئر اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے ماضی میں اداکارہ علیزے شاہ کے حوالے سے دیے گئے بیان پر معافی مانگ لی۔
حال ہی میں یاسر نواز نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جس میں انہوں نے ماضی میں علیزے شاہ سے متعلق دیے گئے بیان پر وضاحت پیش کی اور ساتھ ہی اس معاملے میں اداکارہ کا نام لینے پر براہ راست معافی مانگی۔
یاسر نواز نے کہا کہ اب میں پرانے معاملے پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتا، ساتھ ہی انہوں نے علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا علیزے مجھے معاف کردو، مجھ سے ایک بھنڈ ہوا تھا، مجھے شو میں تمہارا نام نہیں لینا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نہ تو اس ڈرامے کا پروڈیوسر تھا اور نہ ہی ڈائریکٹر، اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے اور تمہیں ڈھیر سارا اور اچھا کام ملے، پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو علیزے شاہ کی ضرورت ہے۔
یاسر نواز نے مزید کہا کہ میری سب سے بڑی دعا یہی ہے کہ میں اور علیزے دوبارہ ایک ساتھ کام کریں۔
واضح رہے کہ یاسر نواز نے 2021 میں ایک پروگرام میں اپنی اہلیہ ندا یاسر کے ہمراہ شرکت کی تھی۔جس میں انہوں نے علیزے شاہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں۔
ندا یاسر نے پروگرام میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر علیزے شاہ کے ساتھ کام کرکے پچھتا رہے ہیں اور اداکارہ نے ان کے شوہر کے ساتھ غلط کیا۔