پاکستان سمیت دنیا بھر میں مٹی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مٹی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مٹی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مٹی کا عالمی دن منایا جارہا ہے جبکہ  زمین کو مٹی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے جس کے باعث دنیا کے  2 ارب سے زائد افراد غذائی عدم تحفظ کا شکار اور گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر 5 سیکنڈ کے اندر اتنی مٹی ختم کردی جاتی ہے جتنی ایک فٹ بال کے میدان کے لیے ضروری ہوتی ہے، اس مسئلے کے خلاف دنیا بھر میں مٹی کا عالمی دن منایا جارہا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ مٹی کی کمی پر بھی شعور اجاگر کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:

دنیا بھر میں خصوصی افراد کا عالمی دن

 غلامی کے خاتمے کا عالمی دن، لاکھوں افراد آج بھی غلام

حیرت انگیز طور پر ہر روز ہم اپنے پاؤں تلے جس مٹی کو روندتے ہوئے گزر جاتے ہیں، دنیا بھر سے یہ اتنی تیزی سے ختم ہو رہی ہے کہ ہماری آئندہ نسلیں شاید اس کا نظارہ بھی نہ کرسکیں، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مٹی نہ ہونے سے انسانی حیات کو لاحق خطرات میں شدید اضافہ ہوسکتا ہے جسے روکنا ہوگا۔

سائنسدانوں کے مطابق مٹی زمین پر پودوں، پھلوں، سبزیوں اور قسم قسم کے سبزے کی افزائش کے لیے ضروری ہے۔ پودے زمین پر زندگی کا واحد سہارا ہیں۔ انسان جن جانوروں کا گوشت حاصل کرتا ہے، انہیں بھی خوراک کے لیے پودوں کی ضرورت پیش آتی ہے اور پودے مٹی کے بغیر پھل پھول نہیں سکتے۔ 

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان نے زراعت کے شعبے میں بھرپور ترقی کی۔ آج کل زمین سے زیادہ سے زیادہ فصلیں حاصل کرنے کے لیے کیمیکل کھادوں کے استعمال کے باعث مٹی سے زرخیزی کم ہوتی جارہی ہے جو بالآخر پوری زمین کو بنجر کرنے کا باعث بن سکتی ہے، جو نوعِ انسانی کیلئے بڑا دھچکا ہوگا۔ 

بین الاقوامی سطح کے ایک سروے کے مطابق دنیا کی 33 فیصد زمین اپنی خصوصیات، زرخیزی اور فصلیں اگانے کی صلاحیت کھو کر بنجر ہوچکی ہے۔ دنیا بھر میں 81کروڑ 50 لاکھ افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے جبکہ غیر یقینی موسمیاتی تبدیلیوں نے کسانوں کو زراعت چھوڑنے پر مجبور کردیا جو بڑا المیہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کاشتکار فصلیں اگانا چھوڑ دیں تو غذائی فصلیں نایاب ہو کر انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوں گی جس کے باعث غریب افراد بھوک اور قحط کا شکار ہوجائیں گے۔ دنیابھر میں آج اس حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت گزشتہ ہر دور سے زیادہ ہے جس کیلئے ہر سال مٹی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

Related Posts