وطنِ عزیز پاکستان سمیت دُنیا بھر میں امراضِ قلب سے بچاؤ کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد عوام الناس میں دل کی بیماریوں کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال 29 ستمبر کے روز امراضِ قلب سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جاتا ہے جبکہ دُنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات دل کی بیماریوں کے باعث ہوتی ہیں۔
ہر سال کی طرح رواں سال بھی دل کی بیماریوں پر آگہی بیدار کرنے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان میں ہونے والی 33 فیصد سے زائد اموات کی وجہ شریانیں اور دل کی بیماریاں ہیں جن سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار کرنا اور علاج کی ترغیب دینا آج بے حد اہم ہے۔
ماہرینِ طب کے مطابق بلند فشارِ خون (بلڈ پریشر)، شوگر، کولیسٹرول، خوراک میں سبزیوں اور پھلوں کے کم استعمال اور تمباکو نوشی سے دل کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔
موٹاپے اور جسمانی مشقت سے دور بھاگنے کے باعث بھی آج کل دل کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق سادہ غذا اور 30 منٹ کی ورزش دل کی بیماری کا بہترین علاج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی دن، پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت