بھارتی شہر بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلور کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاداب خان کی جگہ اسامہ میر پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس موقع پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف میچ اہم ہے، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، اسامہ میر، محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: ورلڈکپ میچز میں کس کا پلڑا بھاری رہا؟
آسٹریلیا کے اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، گلین میکسول، مارکس اسٹونس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپااور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا بھی ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر ایک میں کامیاب جبکہ دو میں شکست کھا چکی ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دی تھی، راجیو گاندھی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 351 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز بنا سکی تھی۔