آسٹریلیا نے پاکستان کو ورلڈ کپ 2023کے 18ویں میچ میں جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دے دیا۔
آسٹریلیا نے بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا۔
مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔
وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 163 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، وارنر نے 14 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔
مچل مارش 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گلین میکسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ اسٹیو اسمتھ کو 7 رنز پر اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔