کراچی میں 35روزہ عالمی ثقافتی میلہ شروع ہوگیا۔ فیسٹیول میں دنیا بھر سے 450 فنکار شریک ہیں جو 150 سے زائد پرفارمنسز پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پینتیس روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2024 شروع ہوگیا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ عالمی میلے میں 150 سے زائد پرفارمنسز پیش کرنے کیلئے دنیا بھر سے 450 فنکار شریک ہیں جبکہ میلے کا اہتمام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے کیا ہے۔ صدر آرٹس کونسل نے میلے کا آغاز کردیا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ فلسطین، ترکیہ، بھارت، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، جرمنی، چین، آسٹریلیا، روس، مصر، عراق، جنوبی افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، جنوبی کوریا، ناروے ، برازیل، اسپین، بیلجیئم، یوکرین، اومان، قطر، مالٹا، زمبابوے ، بنگلادیش، آذربائیجان، اسکاٹ لینڈ، ہنگری، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووا، برونڈی، کانگو، روانڈا، الجزائر اور سوئٹزرلینڈ کے فنکار عالمی میلے میں شریک ہوں گے۔
محمد احمد شاہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنس کے علاوہ فائن آرٹ بھی فیسٹیول میں شامل ہے، قوالی اور کلاسیکل رقص، اختر چنال، وہاب بگٹی، مائی ڈھائی، انسٹرومنٹلسٹ عبداللہ، فقیر ذوالفقار کے علاوہ سارنگی، بانسری جیسے ساز بھی پیش کیے جائیں گے۔
یہی نہیں بلکہ پینتیس روزہ عالمی ثقافتی میلے میں 40 تھیٹر ، 55 میوزک، 50 ڈانس پرفارمنسز، 20 ورکشاپس، 10 ٹاک اور 5 فائن آرٹ نمائشیں شامل کی گئی ہیں۔ مختلف انٹرنیشنل گروپس جامعہ کراچی اور مختلف یونیورسٹیز کے طلبا کے ساتھ ورکشاپس بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ گلگت، کشمیر، پنجاب، کے پی کے ، بلوچستان اور سندھ کا فوک فیسٹیول پیش کیا جائے گا، اردو، سندھی، انگلش اور مختلف زبانوں کے تھیٹرز کو بھی فیسٹیول کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فیسٹیول میں عالمی شہرت یافتہ فنکار حصہ لیں گے اور عالمی میلے کو چار چاند لگائیں گے۔
اس حوالے سے معروف مزاح نگار اور ٹی وی میزبان انور مقصود نے کہا ہے کہ یہ احمد شاہ کا کمال ہے کہ جب سے پاکستان وجود میں آیا ہے پہلی بار 40 ممالک کے لوگ آرہے ہیں، ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ ملک چھوڑ کا جارہے ہیں اور سندھ میں 40 ممالک سے لوگ کراچی آرہے ہیں۔
انور مقصود کا شمار پی ٹی وی کے کلاسک دور کے مزاح نگاروں، دانشوروں اور ٹی وی میزبانوں میں کیا جاتا ہے جس نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال قوم کو محظوظ کرنے کیلئے کیا۔ انور مقصود نے کہا کہ کراچی میں اتنے ممالک کا ایک ساتھ جمع ہونا ایسا ہجوم برپا کرنے والا ہے جسے دنیا دیکھے گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میلے کی کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ یہ پروگرام دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دے گا۔ واضح رہے کہ عالمی ثقافتی میلہ آج 26ستمبر سے 30اکتوبر 2024 تک جاری رہے گا۔