قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ کے دوران جیت کے مومینٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
ایشیا کپ کے افتتاحی میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں افغانستان کے خلاف سیریز اچھی رہی، جیت کے مومینٹم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ہی اہم ہوتا ہے، کسی بھی حریف ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، پورا ایشیا کپ پاکستان میں ہوتا تو خوشی ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم پر طرح طرح کی باتیں ہوئیں، کسی نے اعتراضات کیے، کسی نے تعریف بھی کی، ہمارا فوکس کرکٹ پر رہا جس کی وجہ سے ون ڈے میں نمبر ون ٹیم بنے۔
بابر اعظم نے کہا کہ تمام تر مسائل کے باوجود فوکس کرکٹ پر رہا ہے۔ ٹریولنگ شیڈول ایسا بنایا ہے کہ آرام بھی مل رہا ہے، سینٹرل کنٹریکٹ پر جلد اچھی خبر ملے گی۔
قومی کپتان نے کہا کہ میرا گول یہ ہے کہ ٹیم کو فائدہ ہو، انفرادی سطح پر سوچنا چھوڑ دیا ہے، ٹیم کی کامیابی کے حوالے سے سوچتا ہوں،جب مجھے کپتانی ملی تھی تو میں نے کوشش کی تھی ٹیم کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے، لوگوں کی توقعات اور بڑھ گئی ہیں جوکہ ہمیں پوری کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سارے پلیئرز مختلف لیگز میں گئے ہوئے تھے، سب کو مختلف ٹاسک دیے گئے تھے، کوچز نے جس طرح پلیئرز کو دیکھا اور لے کر چلے بہت اچھا کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہوسکتا ہے کسی کو انجری بھی ہوسکتی ہے لیکن مجھے اس وقت جو ٹیم ہے وہ بیسٹ لگ رہی ہے، ابھی ورلڈ کپ میں ٹائم ہے اگر کوئی تبدیلی کرنی پڑی تو ابھی چانس ہے۔