اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اگر عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گرانے کے لیے غیر ملکی مداخلت ثابت کرتے ہیں تو ہم عمران خان کا ساتھ دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر نے یہ باتیں اسلام آباد میں بی اے پی کے رہنما شاہ زین بگٹی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، جبکہ شاہ زین بگٹی نے آج پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ وہ ’غیر ملکی عناصر‘ کی جانب سے موصول ہونے والی ’تحریری دھمکی‘ کو قومی اسمبلی کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب، اگر حکومت گرانے کے لیے غیر ملکی مداخلت ثابت ہوئی تو میں آپ کا ساتھ دوں گا۔
ایک دن قبل وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن کا عدم اعتماد کا اقدام ان کی حکومت کے خلاف رچی گئی مبینہ ”غیر ملکی فنڈڈ سازش” کا حصہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یہ الزامات پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں کئے گئے تاریخی جلسہ میں لگائے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بیرون ملک سے ہماری خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ہم مہینوں سے اس سازش سے باخبر ہیں۔ ہم ان لوگوں کے بارے میں بھی جانتے ہیں جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کیا لیکن وقت بدل گیا ہے۔ یہ ذوالفقار علی بھٹو کا دور نہیں ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت بدلنے کی کوششیں غیر ملکی پیسے کے ذریعے کی جا رہی ہیں۔ ہمارے لوگوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔کچھ لوگ پیسے ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
تحریک عدم اعتماد، بلوچستان عوامی پارٹی کا اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان