اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 7 جوانوں کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کو شکست دینے اور اپنی سرزمین کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ہمارے 7 جوانوں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی،انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی نہ رہے، ذمہ داروں کا پیچھا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ بہادر شہدا ہماری حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے اور ہم دہشت گردی کو شکست دینے اور اپنی سرزمین کی حفاظت کرتے رہیں گے۔”
واضح رہے کہ جمعہ کے روز آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے۔
14 اپریل کو قبائلی ضلع کے علاقے عشام میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج نے حملہ آوروں کے خلاف فوری اور موثر جوابی کارروائی کی۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان، دہشتگردوں کا فوجی قافلے پر حملہ، 7فوجی جوان شہید، 4دہشتگرد ہلاک