راولپنڈی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوفے کی سیاست سے مدینے کی ریاست نہیں بن سکتی،عوام کی مدد سے 2020 میں عوامی راج قائم کریں گے، 2020 صاف وشفاف عوامی الیکشن کا سال ہوگا۔
بینظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پر راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو طاقت کا سر چشمہ عوام کو مانتی تھیں،محترمہ بھٹو 2 آمرو ں سے لڑیں، محترمہ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی تھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی نے جلا وطنی کاٹی اور جان کے خطرے کے باجود واپس آئیں۔ 2007ء میں اسی جگہ انہوں نے آخری خطاب کیا لیکن مسلم امہ کی پہلی خاتوں وزیراعظم کو شہید کر دیا گیا۔ ایک خاندان سے والد، دونوں بیٹے اور پھر بیٹی بھی شہید کر دی گئی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ٹوٹا ملک جوڑا اور 90 ہزار جنگی قیدی دشمن سے واپس لائے، بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ جمہوری اسلامی آئین دیا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، مسلم اُمّہ کو پاکستان کی قیادت میں اکٹھا کیا، مسئلہ کشمیر کی آواز بنے۔
بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھا کہ ہ ہم عوام کی مدد سے 2020 میں عوامی راج قائم کر کے رہیں گے، 2020 عوامی حکومت کا سال ہوگا، عوامی راج پیپلز کے بغیر نہیں آ سکتا، ہمارا ملک، ہماری جمہوریت اور ہمارے غریب خطرے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیے پاکستان کے نام پر سیاسی یتیم راج کر رہے ہیں، ان کی سیاست بزدلانہ ہے جہاں بزرگ اور خواتین کو جیل میں ڈالا جاتا ہے، بے نظیر پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکال دشمنی کی گئی،ملک میں آج بحران ہی بحران ہے۔ صوبوں سے ان کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتا ہوں ہمارا ملک خطرے میں ہے، ہماری جمہوریت خطرے میں ہے، ہماری آزادی خطرے میں ہے، ہمارے غریب خطرے میں ہیں، ملک میں ڈاکٹر اور طالب علم سراپا احتجاج ہیں۔ گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس سے محروم کر دیا گیا ہے۔ غریبوں سے ان کی چھت چھینی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی شہادت کو 12 برس مکمل، انصاف کہاں ہے؟