الو ارجن اور رشمیکا مندانا کی فلم پشپا ٹو5 دسمبر 2024 کو سینما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے، اس فلم نے اپنی دلکش کہانی اور شاندار اداکاری کی وجہ سے بھارتی ناظرین کے دلوں میں پہلے ہی جگہ بنا لی ہے۔
فلم کی کہانی اور شاندار پروموشن نے پیشگی بکنگ کو بھی بہت زیادہ بڑھا دیا ہے جس کی بدولت یہ توقع کی جا رہی ہے کہ ریلیز کے پہلے دن ہی فلم 100 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کر سکتی ہے تاہم فلم کا ایک گانا تنازعے کا باعث بنا ہوا ہے، جس نے فلم کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
فلم کے حقوق پر مبنی ایک بڑی ڈیل میں نیٹ فلکس نے فلم کے پوسٹ تھیٹرکے ڈیجیٹل حقوق 275 کروڑ روپے میں حاصل کر لیے ہیں۔ سینما میں ریلیز کے بعد پشپا ٹونیٹ فلکس پر 2024 کے آخر میں اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہوگی جس میں فلم کے تمام زبانوں میں ڈب شدہ ورژنز بھی شامل ہوں گے۔
اس فلم کے پروموشنز کے دوران گانے “پیلنگز” اور اس کے رقص نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کی۔ گانا توانائی سے بھرپور اور چارٹ ٹاپ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کے رقص کی کوریوگرافی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے کو مل رہے ہیں، جہاں کچھ لوگوں نے اسے بے جا قرار دیا ہے تو کچھ نے الو ارجن کے رقص کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ “جنوبی بھارتی فلموں میں ایسے گانے قابل قبول ہیں لیکن شمالی فلموں کو اسی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسرے صارفین نے شمالی بھارتی گانوں کا دفاع کیا اور کہا کہ ایسے رقص ہر انڈسٹری میں ہوتے ہیں۔