صوبہ پنجاب کے بہاولپور ڈویژن میں محکمۂ جنگلی حیات (وائلڈ لائف) نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر شکار کرنے والے 5 افراد گرفتار کر لیے ہیں۔
بہاولپور میں نایاب پرندوں کا شکار کرنے پر 5 گرفتار ملزمان سے 13 قیمتی اور نایاب پرندوں کے ساتھ ساتھ شکار کے دوران استعمال کیا جانے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
گرفتار ہونے والے شکاری ملزمان میں سجاد، بوٹا، رمضان، وزیر اور خالد شامل ہیں جن سے شکار کیے گئے 11 تیتر، 1 تلور اور 1 بھارتی بکھڑا برآمد کر لیا گیا ہے۔
بہاولپور کے رہائشی ملزمان بغیر لائسنس کے قیمتی اور نایاب نسل کے پرندوں کا شکار کر رہے تھے جو اب پاکستان میں تقریباً ناپید ہیں جس کے پیشِ نظر محکمۂ جنگلی حیات نے انہیں گرفتار کیا۔
محکمہ جنگلی حیات پنجاب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ملک میں قیمتی پرندوں کے شکار میں مصروف تھے جبکہ مذکورہ پرندوں کے شکار پر حکومتِ پاکستان نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔
حکومت کی عائد کردہ پابندی کا مقصد جنگلی حیات کا تحفظ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نایاب پرندے اور جانور قومی اثاثہ ہیں جبکہ شکار کے نام پر نایاب پرندوں کو ناپید کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔