وفاق المدارس نے پہلے ہی اجلاس میں حکومت کو واضح پیغامات دے دیئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاق المدارس نے پہلے ہی اجلاس میں حکومت کو واضح پیغامات دے دیئے
وفاق المدارس نے پہلے ہی اجلاس میں حکومت کو واضح پیغامات دے دیئے

اسلام آباد: وفاق المدارس کی جانب سے پہلے ہی اجلاس میں حکومت اور اہل مدارس کو واضح پیغامات دے دیئے گئے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی نو تشکیل شدہ مجلس عاملہ کا پہلا دو روزہ اجلاس صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے معزز اراکین کے علاوہ ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرستان مولانا فضل الرحیم، مولانا مفتی مختار الدین شاہ، مولانا سید عبد الستار شاہ، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق شریک ہوئے

ان کے علاوہ نائب صدور مولانا عبید اللہ خالد،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا سعید یوسف،صوبائی ناظمین مولانا حسین احمد، مولانا قاضی عبد الرشید،مولانا امداد اللہ یوسف زئی اور مولانا صلاح الدین ایوبی،مولانا مفتی محمد طیب (خازن) شریک ہوئے۔

دو روز تک جاری رہنے والے ملک بھر کے دینی مدارس کے نمائندوں کے اس بھر پور اجلاس سے صدارتی خطبہ اور پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا کہ دینی مدارس کے تحفظ اور حریت فکر و عمل کے لیے بھرپور جد وجہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس خالص تعلیمی ادارہ ہے اور بفضلہ تعالی اسکا معیار قابل ستائش رہاہے، اب اسے مزید مضبوط بنانے کے لئے ان شاء اللہ تعالی مزید اقدامات کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی بھی نہیں اور ہم مداھن بھی نہیں۔

دینی مدارس کی ترقی اور استحکام کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس موقعہ پر انہوں نے مجلس عاملہ کے سامنے قرارد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان ان ہزاروں مدارس کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا جنہوں نے دھمکیوں اور لالچ کے باوجود وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کیا اور بھرپور اعتماد فراہم کرکے مدارس کی وحدت کو نقصان پہنچانے والی کوششوں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر اور مجلس عاملہ کے رکن مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان شہید کی دینی ملی قومی اور بالخصوص دینی مدارس کے لیے سر انجام دی جانے والی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔

اس موقعہ پر ہر دو حضرات کے پسماندگان اور جامعہ اسلامیہ بنوری ٹاؤن اور جامعہ فاروقیہ کراچی کے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کو تعزیت پیش کی گئی۔اجلاس میں ناطم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے دینی مدارس کے نظم کو مضبوط بنانے اور چھوٹے مدارس کے مسائل کو حل کرانے اور وفاق المدارس کے مزید استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے سلسلہ میں پائے جانے والے ابھامات اور تحفظات کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے بینک اکاؤنٹس پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کی جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند غیرملکی طلبہ کے ویزوں پر پابندی ہٹائی جائے۔ اس موقعہ پر قرار داد پیش کی گئی کہ اوقاف ایکٹ اور گھریلو تشدد بلز غیر شرعی اور خلاف آئین ہیں، ان قوانین کو فی الفور واپس لیا جائے۔ ہم نکاح نامے میں ختم نبوت کی شق کے اضافے سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قرار داد کی حمایت و تحسین کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا خدمات دینی مدارس کنونشن کا انعقاد

اجلاس میں اتفاق رائے سے درج ذیل فیصلے کئے گئے:

1- وفاق المدارس تخصص (سپیشلائزیشن) کے نصاب اور نظام امتحانات کا اجراء کرے گا۔

2- وفاق المدارس کی طرف سے ائمہ مساجد اور دینی مدارس کے معلمین ومہتممین کی تربیت کا جامع نظام تشکیل دیا جارہا ہے۔

3- ملتان میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

3-ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر طلبہ کے درمیان حفظ قرآن مع تجوید کے مسابقات جلد منعقد کرائے جائیں گے۔

4-وفاق المدارس کے تحت حفظ قرآن کریم کا امتحانی نظام کی تشکیل نو کی گئی۔اجلاس میں مولانا زبیر احمد صدیقی، مولانا ارشاد احمد، مولانا مفتی محمد طاہر مسعود، مولانا قاری محمد یاسین،مولانا قاری احمد میاں، مولانا اشرف علی،مولانا محمد قاسم،مولانا محمد انور، مولانا حسن جان،مولانا عبد البصیر شاہ،مولانا قاری محمد طاہر،مولانا قاضی نثار احمد،مولانا قاری عبد الرشید، مولانا مفتی خالد،مولانا ناصر محمود سومرو، مولانا عبد المنان،مولانا حسین احمد اور مولانا ظہور احمد علوی نے شرکت کی۔اس موقع پر مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر صدر وفاق المدارس اور ناظم اعلیٰ کی طرف سے پیش کردہ قرار دادوں اور مطالبات کی بھر پور تائید کی۔ اسی طرح سابقہ مجلس عاملہ کے سبکدوش اراکین کی خدمات کو سراہا گیا۔

Related Posts