عامر خان کی فلم ‘ستارے زمین پر’ اپنی سینما ریلیز سے صرف چند دن دور ہے کیونکہ فلم سنسر بورڈ سے کلین چٹ حاصل کرنے کے بعد اب 20 جون کو اپنی سینما ریلیز کیلئے شیڈول ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) کی تجویز کردہ کٹوتیوں کو ماننے سے انکار کیا تھا جس کے بعد بورڈ نے عامر خان کی بات کو مانتے ہوئےفلم کو بغیر کسی کٹوتی کے کلین چٹ سرٹیفکیٹ دے دیا۔
اس خوشخبری کے ساتھ فلم ستارے زمین پر کی ریلیز کے قریب آتے ہی مداح متجسس ہیں کہ فلم کس او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق 60 سالہ اداکار نے تصدیق کی ہے کہ ان کی فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز نہیں ہوگی اور اسے صرف خصوصی طور پر سینما گھروں میں ہی ریلیز کیا جائے گا۔
صرف یہی نہیں رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اداکار نے مبینہ طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزون پرائم ویڈیو کی جانب سے فلم کے ڈیجیٹل رائٹس کے لیے 120 کروڑ روپے کی بڑی پیشکش کو بھی ٹھکرا دیا جو حیران کن ہے۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان یہ تجربہ کرنا چاہتے ہیں کہ کیا فلم کی ریلیز کے آٹھ ہفتوں بعد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس کی دستیابی کو روکنے سے ناظرین کو سینما گھروں میں واپس آنے کی ترغیب مل سکتی ہے۔
اداکار مبینہ طور پر ‘ستارے زمین پر’ کو اس کی کامیاب تھیٹریکل نمائش کے بعد او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے بجائے دلچسپ انداز میں یوٹیوب پر ریلیز کریں گے لیکن یہ پیشکش مفت نہیں ہوگی بلکہ ناظرین کو فلم دیکھنے کے لیے ادائیگی کرنی ہوگی۔
تاہم یہ خبر بھی محض قیاس آرائی ہے کیونکہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ کیا واقعی ستارے زمین پر اپنی تھیٹریکل رن کے فوراً بعد یوٹیوب پر دستیاب ہوگی یا نہیں کیونکہ عامر خان ایمیزون کی کروڑوں کی پیشکش ٹھکراچکے ہیں۔