امریکا کی بڑی سوشل میڈیا انفلوئنسر ایلکس ارل نے اپنے 10 سال پرانے بیانات پر مداحوں سے معافی مانگ لی ہے جو انہوں نے کمسنی کے باعث سوشل میڈیا پر ڈال دئیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا انفلوئنسر ایلکس ارل نے ٹک ٹاک کا رخ کیا اور 2014 کے بیانات پر مداحوں سے معذرت کی۔ خوبصورت ماڈل اور انفلوئنسر ایلکس ارل کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد 70 لاکھ جبکہ انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 37 لاکھ سے زائد ہے۔
جب ایلکس ارل کی جانب سے معذرت خواہانہ بیان سامنے آیا تو مداحوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسر پر تنقید اور تعریف دونوں سے بھرپور تبصرے کیے۔ اپنے بیانات پر 10 سال تک خاموش رہنے پر تنقید کا سامنا کرنے والی ایلکس ارل نے اپنے فالوورز کیلئے طویل پیغام شیئر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایلکس ارل کو انتہائی ایماندار سمجھا جاتا ہے جو اپنے دل کی ہر بات فوری کہہ دیتی ہیں لیکن اپنے ماضی کے بیانات پر اتنی طویل خاموشی پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔ ایلکس ارل نے کہا کہ میں نے یہ معاملہ بہت برے طریقے سے دیکھا اور اس بات کو سمجھتی ہوں۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر ایلکس ارل نے کہا کہ میں نے اپنے بیانات سے سیاہ فام افراد کا دل دکھایا لیکن بعد میں واضح بھی کیا کہ ان کا اپنے ماضی کے بیانات سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی وہ سیاہ فام لوگوں کے بارے میں ایسی کوئی باتیں سوچتی، محسوس کرتی یا کہتی ہیں۔ ماضی کے بیانات غلط تھے۔