کراچی: لیجنڈری کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کے فاتح کی پیشگوئی کردی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز لارا کے مطابق کھلاڑیوں کے انفرادی معیار کے مطابق پاکستان اس مقابلے کیلئے پسندیدہ ہوگا۔اُن کے خیال میں کھلاڑیوں کی انفرادیت کو دیکھتے ہوئے پاکستان کی ٹیم بہترین ہے ، انگلینڈ اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے لیکن وہ ٹرافی کو ایشیا میں دیکھنا چاہتے ہیں ۔
دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ اگر پرفارمنس کو دیکھا جائے تو اُس لحاظ سے انگلینڈ کی ٹیم زیادہ اچھی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا وہ جس طرح سے فائنل تک پہنچے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے وہ فائنل میں سب کو حیران کردینگے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز بارش کی پیشگوئی بھی کر رکھی ہے جس سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
تاہم، آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کا فائنل نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی بھی کر دی ہے اور میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے پر اضافی وقت کا دورانیہ 2 گھنٹے سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ اب اطلاعات ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ کا ٹاس مقررہ وقت سے 8 منٹ قبل ہوگا۔
ٹاس کے بعد میوزیکل پروگرام ہو گا جس میں مقامی گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ فائنل میچ کے اختتام پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔