بالی وڈ انڈسٹری کی خوبرو اور اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بہن اور سابقہ اداکارہ کرشمہ کا پہلا کرش سلمان خان تھے۔
اداکارہ کرینہ کپور اور کرشمہ کپور پہلی مرتبہ نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں ایک ساتھ آج شرکت کریں گی اور شو کا ٹریلر بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کیا گیا ہے۔
شو کے دوران کرشمہ اور کرینہ اپنی ذاتی زندگی سمیت بالی وڈ کیرئیر اور زندگی کے خوبصورت لمحات پر بات کریں گی۔
شیئر کیے گئے ٹریلر میں میزبان کپل شرما نے کرینہ کپور سے سوال کیا کہ کرشمہ کا پہلا کرش کون تھا؟ جس پر بیبو نے انکشاف کیا کہ انہیں لگتا ہے کہ ’سلمان خان‘۔
کرینہ کے جواب پر کرشمہ نے حیران ہوکر بہن کو دیکھا جس پر کرینہ بھی خوفزدہ سی ہنسی ہنسنے لگیں۔
واضح رہے کہ کرشمہ کپور اور سلمان خان 90کی دہائی میں کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں ان فلموں میں جڑوا، انداز اپنا اپنا، بیوی نمبر ون، دلہن ہم لے جائیں گے، چل میرے بھائی اور ہم ساتھ ساتھ جیسی کامیاب ترین فلمیں شامل ہیں۔
90 کی دہائی کرینہ اور سلمان کی جوڑی کو سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی میں شمار کیا جاتا تھا، اس جوڑی نے بالی وڈ کو کئی سپر ہٹ گانے دیے اور دونوں اب بھی ایک دوسرے کے اچھے دوست ہیں۔
دوسری جانب کرینہ کپور نے شو میں اپنے اور سیف علی خان کے تعلق پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ’ میں نے ہی سیف کو کہا تھا کہ میں ان سے محبت کرتی ہوں اور سیف نے میرے ہی کہنے پر اپنے ہاتھ پر میرے نام کا ٹیٹو بنوایا تھا کیوں کہ میں نے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں تو اپنے ہاتھ پر میرا ٹیٹو بنوائیں‘۔