عالمی ادارۂ صحت نے بھارت میں کورونا وائرس کی افسوسناک صورتحال اور کیسز 2 کروڑ سے تجاوز کر جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جی 7 ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے امداد فراہم کریں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ جب تک جی 7 ممالک کی دولت مند اقوام عالمی برادری کی کورونا جیسے عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کھل کر مالی امداد فراہم نہیں کریں گی، یہ وباء ختم نہیں ہوسکتی۔
بھارت میں کورونا کے باعث تشویشناک صورتحال ہے جہاں مردوں کو جلانے یا دفن کرنے کیلئے شمشان گھاٹ اور قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی۔ آکسیجن اور وینٹی لیٹرز کی قلت کے باعث لوگ اپنے پیاروں کو تڑپ تڑپ کر مرتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک نے پہلے ہی بھارت کی امداد پر کام شروع کردیا ہے۔ پاکستان، روس اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک کی طرف سے بھارت میں امدادی سامان اور ویکسینز پہنچا دی گئیں تاہم کورونا کے وار ہر گزرتے روز کے ساتھ تیز ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارت میں مسلسل 12ویں روز کورونا سے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ کے گئے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرین کی تعداد 2 کروڑ کے قریب جا پہنچی۔جبکہ مزید 3 ہزار 417 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے بتایاکہ ملک میں 1 روز کے دوران 3 لاکھ 68 ہزار 147 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 99 لاکھ اور اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 959 ہوگئی۔
مزید پڑھیں: بھارت میں مسلسل 12ویں روز بھی 3لاکھ سے زائد کیسز سامنے آگئے