کراچی کی ایک ایسی باہمت خاتون جو ٹھیلے پر مزیدار دال چاول بیچتی ہیں

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کی ایک ایسی باہمت خاتون جو ٹھیلے پر مزیدار دال چاول بیچتی ہیں
کراچی کی ایک ایسی باہمت خاتون جو ٹھیلے پر مزیدار دال چاول بیچتی ہیں

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سوچ، جذبہ اور عمل انسان کو بلندیوں کی جانب لے جاتا ہے، کراچی کی ایک ایسی ہی باہمت خاتون نازیہ باجی جو مزیدار دال چاول فروخت کرتی ہیں۔

کراچی میں ملینئم مال کے قریب واقع ٹھیلے پر نازیہ باجی مزیدار دال چاول بیچتی ہیں جس کو کھانے کے بعد لوگ اُس کے منفرد ذائقے کی ضرور تعریف کرتے ہیں۔

ایم ایم نیوز سے گفتگو میں نازیہ باجی نے کہا کہ اس کام کو کرنے کا مقصد شوق، ضرورت اور مجبوری تینوں تھا کیونکہ گھر کے حالات ٹھیک نہیں تھے اور میں گھر کی واحد کمانے والی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میں جاب کرتی تھی، جس میں مجھے بہت مسائل کا سامنا کرنا پڑا، نہ پیسے بچتے تھے اور نہ ہی ذہنی سکون تھا جس کے بعد میں نے کچھ اپنا کاروبار کرنے کا سوچا۔

دال چاول بیچنے والی باہمت خاتون نازیہ باجی نے کہا کہ اِس کا م کو شروع کرنے سے پہلے بہت بار حکمت عملی کری کہ کیسے کام کو شروع کروں، ذہن میں یہی سوچ تھی کہ کچھ جمع پونجی کرلوں گی لیکن ابھی تک تو کوئی جمع پونجی نہیں ہوئی ہے کیونکہ کسی بھی کاروبار میں منافع فوراََ نہیں ہوتا۔

نازیہ باجی نے کہا کہ یہ کہنا بہت آسان ہوتا ہے کہ ٹھیلا لگادیتے ہیں مگر یہ کام کرنا بہت مشکل ہے، پیسہ بھی لگتا ہے اور محنت بھی بہت ہوتی ہے کیونکہ میں یہ کام اکیلے ہی کرتی ہوں جبکہ اکثر جو لوگ ٹھیلے لگاتے ہیں اُن کے ساتھ کام کرنے والے دیگر لوگ بھی ہوتے ہیں۔

ایم ایم نیوز سے گفتگو میں نازیہ باجی نے کہا کہ میرا تمام خواتین کیلئے یہی پیغام ہے کہ اگر وہ کمانا چاہتی ہیں تو گھروں سے نکلیں کیونکہ اُن کے خیال میں خواتین بھی سب کچھ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ شہریوں کے ساتھ اپنے گھروالوں جیسا ہی سلوک کرتی ہیں اور وہ یہ دیکھ کر بہت زیادہ خوشی محسوس کرتی ہیں کہ اُن کو دیکھ کر دیگر خواتین بھی متاثر ہورہی ہیں۔

ایم ایم نیوز نے جب وہاں پر آنے والے لوگوں سے دال چاول کے ذائقے کے حوالے سے پوچھا تو اکثریت نے اُس کی تعریف کی اور کہا کہ انہیں یہاں پر آنا بہت پسند ہے اور وہ اکثر اِس ٹھیلے سے دال چاول کھانے کیلئے آتے ہیں۔

Related Posts