روم: اٹلی دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو شہریوں کو بکریوں کا مفت مالک بنا رہا ہے۔ جزیرے کے رہائشیوں کو آوارہ گھومنے والی بکریاں پکڑ کر مالک بننے کی پیشکش کردی گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اٹلی کے جزیرے ایلیکو ڈی کے میئر ریکارڈو گولو نے جزیرے پر آوارہ گھومنے والی بکریوں کی ملکیت کی پیشکش کرتے ہوئے شہریوں کو اپنی مرضی سے زیادہ سے زیادہ بکریاں پکڑ کر ملکیت میں لینے کی ہدایت کی ہے۔
جزیرے کی حکومت نے شہریوں کو بکریوں کا مالک بننے کیلئے اپنی درخواست ای میل کرتے ہوئے 17 ڈالر اسٹیمپ فیس ادا کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں شہری اپنی مرضی کی تعداد میں بکریاں پکڑ سکیں گے۔ بکریوں کی ملکیت بکری پکڑنے والے کو دے دی جائے گی۔
اس ضمن میں حکومت کا مزید کہنا ہے کہ وہ تمام بکریاں اور بکرے جو آوارہ گھومتے ہیں اور جن کی ملکیت کسی کے پاس نہیں، بکریاں پکڑنے والے شہریوں کی ملکیت بنادی جائیں گی۔ بکریوں کیلئے یہ انوکھی پیشکش بکریوں کی آبادی بے تحاشا بڑھنے پر کی گئی۔
مجموعی طور پر صرف 5 اعشاریہ 2 مربع کلومیٹر پر محیط جزیرے پر جنگلی بکریوں کی تعداد انسانی آبادی (120 افراد) کے مقابلے میں بکریوں کی تعداد 600 سے زائد ہوچکی ہے اور بعض ناقدین کا ماننا ہے کہ بکریاں 800 کے لگ بھگ ہوچکی ہیں جس سے جزیرے کو خدشات لاحق ہیں۔
دلچسپ طور پر اٹلی کے اس جزیرے میں میئر کی جانب سے یہ پیشکش بکریوں کو جزیرے پر پالنے کیلئے نہیں بلکہ تمام پکڑی گئی بکریاں 15روز کے اندر اندر جزیرے سے باہر بھیجنے کیلئے کی گئی ہے۔ پیشکش سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔