2022 میں نوجوانوں نے کس ایپ کو سب سے زیادہ استعمال کیا؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دنیا بھر میں بچوں اور نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جو اپنا زیادہ تر وقت مختلف سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے استعمال میں گزارتی ہے۔

حال ہی میں ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے جس ایپ پر دن بھر میں سب سے زیادہ وقت گزارا جاتا ہے وہ کوئی اور نہیں ٹک ٹاک ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون 2020 میں پہلی بار ٹک ٹاک نے یوٹیوب پر سبقت حاصل کی تھی اور اس وقت 18 سال سے کم عمر افراد اوسطاً روزانہ 82 منٹ ٹک ٹاک پر گزارتے تھے جبکہ یوٹیوب پر یہ دورانیہ 75 منٹ تھا۔

مگر 2022 میں اس فرق میں اضافہ ہوگیا اور 18 سال سے کم عمر بچے اور نوجوان روزانہ اوسطاً 107 منٹ ٹک ٹاک پر گزارنے لگے جبکہ یوٹیوب میں یہ دورانیہ 67 منٹ تھا۔ ٹک ٹاک نے یوٹیوب کے ساتھ ساتھ دیگر ویڈیو ایپس جیسے نیٹ فلکس کو بھی اس معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:

2022 میں سب سے زیادہ ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنیوالے ممالک میں پاکستان سرِفہرست

اسی طرح ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا ایپس جیسے اسنیپ چیٹ، انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر کو بھی  پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 2022 کے دوران 18 سال سے کم عمر بچوں کی جانب سے ویڈیو مواد دیکھنے کے دورانیے میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ بچوں اور نوجوانوں میں ٹک ٹاک کی مقبولیت نے دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی مختصر ویڈیوز کے سیکشن متعارف کرانے پر مجبور کیا۔ یوٹیوب نے ٹک ٹاک کے مقابلے کے لیے یوٹیوب شارٹس کو متعارف کرایا جس کے ڈیلی ویوز 50 ارب تک پہنچ چکے ہیں۔ انسٹاگرام نے بھی ریلز کے نام سے مختصر ویڈیوز کا سیکشن متعارف کرایا اور وہ بھی بہت زیادہ مقبول ہورہا ہے۔

Related Posts