ملک بھر میں شدید گرمی، ہیٹ ویو سے بچنے کیلئے کیا کرنا چاہئے؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مختلف شہروں کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا، فوٹو دی نیوز

پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے متعلقہ اداروں کو گائیڈلائنز جاری کردیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ پنجاب میں درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کا خدشہ ہے، پنجاب کے بڑے شہر، میدانی علاقے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی شدید لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہیٹ ویو کے خدشات کے تحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنرز عوامی مقامات پر ہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولیات یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں، ہیلپ لائن نمبرز، مساجد میں اعلانات، سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کریں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے اور اسکولوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے بارے فلیکسز لگانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے متعلق آگاہی دی جائے، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ عوامی اجتماع والی جگہوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائیں، بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر بینرز کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو بارے آگاہی دیں، جانوروں کی منڈیوں کے مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے محکمہ لائیو اسٹاک کو ویٹرنری کیئر سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے اور محکمہ صحت کو بھی اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کی ابتدائی طبی امداد کے لیے ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، عوامی مقامات پر موبائل ہیلتھ یونٹس اور مستقل بنیادوں پر میڈیکل کیمپس لگائیں جائے، شہری ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں، دل کے عارضہ میں مبتلا افراد خصوصی احتیاط کریں، دھوپ میں باہر نہ نکلیں، شہریوں سے التماس ہے کہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہیٹ ویو کے نقصانات سے بچاؤ ممکن ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری 

دوسری جانب سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے صوبے میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بارش کا کوئی امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں، جس کے باعث درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے تاہم اندرون سندھ کے مختلف اضلاع جیکب آباد، کشمور، سکھر، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور اور شہید بے نظیر آباد سمیت سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اور کل کے دوران سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے، جس سے ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

مزید برآں، مغربی ہواؤں کے زیر اثر 10 اپریل کو جامشورو، دادو، شہید بے نظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں بارش کا امکان ہے جبکہ سانگھڑ اور میرپور خاص کے کچھ علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ہلکی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

ادھر قمبر، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر اور خیرپور کے علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Posts