پاکستان میں کبھی نگران حکومت تو کبھی عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کردیتی ہے جس کا مقصد ریاست مخالف تبصروں اور سرگرمیوں کو شہریوں کی نظر سے دور رکھنا ہوسکتا ہے۔
تاہم پاکستان کے محب وطن شہریوں نے اس کا بھی حل نکال لیا، بیشتر لوگوں نے وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا شروع کردیا۔آئیے وی پی این کے متعلق مزید معلومات حاصل کرتے ہیں:
وی پی این کیا ہے؟
وی پی این ایسی ٹیکنالوجی ہے جس سے آپ انٹرنیٹ پر اپنی سرگرمی کو خفیہ رکھ سکتے ہیں اور اس سروس کی مدد سے آپ اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھ سکتے ہیں۔وی پی این جو ورچؤل پرائیویٹ نیٹ ورک کا مخفف ہے، ایک ایسے نیٹ ورک کا نام ہے جو صارفین کو پوشیدہ طور پر براؤزنگ کی اجازت دیتا ہے۔
پاکستان اور بھارت سمیت ایسے تمام ممالک جہاں پر انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی ممکن نہیں ہوتی وہاں پر وی پی این کی مدد سے صارفین اپنا مقام تبدیل کرکے ان سوشل میڈیا سائٹس کو استعمال کرسکتے ہیں، یوں ویب سائٹس بھی ایسے افراد کو رسائی کی اجازت دے دیتی ہیں۔
سوشل میڈیا کیلئے وی پی این کیسے استعمال ہوگا؟
ہوتا کچھ یوں ہے کہ وی پی این کی مدد سے صارفین تمام سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں اس کیلئے آپ کو خود کو پاکستان کے بجائے کسی اور ملک کا شہری ثابت کرنا ہوگا جس کے بعدآپ کسی بھی ایسی سائٹ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں جس پر آپ کے ملک میں اعلانیہ یا غیر اعلانیہ پابندی ہوگی۔
یوں پاکستان میں رہنے والے شہریوں کیلئےبلاک شدہ انٹرنیٹ سائٹس تک رسائی کیلئے وی پی این ایک بہترین آپشن بن جاتا ہے جس کے استعمال سے صارفین کو محفوظ طریقے سے براؤزنگ کا موقع مل جاتا ہے۔
وی پی این کی مانگ میں اضافہ
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وی پی این کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں وی پی این کے استعمال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ٹاپ ٹین وی پی این کی رپورٹ مطابق 10 مئی تک پاکستان میں وی پی این کی مانگ میں 1329 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد جب سوشل میڈیا سائٹس بند کی گئیں تو ایک دم سے وی پی این کے استعمال کی اوسط شرح میں 311 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
وی پی این ایپس
یہاں پر ہم نے ایسی وی پی این ایپس کی فہرست تیار کی ہے جن کی مدد سے آپ تمام سوشل میڈیا سائٹس رسائی حاصل کرسکتے ہیں:
Hotspot Shield
Windscribe
VPN Unlimited (aka KeepSolid)
ExpressVPN
Private Internet Access