کراچی:صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ بھارت کورونا وباء کو مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے استعمال کررہاہے۔
مہوش حیات نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں بھارت میں کورونا کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانے اور امتیازی سلوک برتنے پر شدیدانداز میں تنقید کی ہے۔
اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں ایک آرٹیکل کا حوالہ دیا جس میں مسلمانوں کو بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دارقرار دینے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ اس وقت ہمارے پڑوسی اس وبائی بیماری کو نفرت پھیلانے اور لوگوں کو تقسیم کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ کیوں یہ لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہے ہیں جب کہ وائرس کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں برت رہا
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کو استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں ”کورونا جہاد“ کے نام سے یہ افواہ سازی کی جارہی ہے کہ مسلمان خاص طور پر تبلیغی جماعت کے لوگ دانستہ اور نادانستہ طور پر سارے ہندوستان میں کورونا وائرس پھیلانے میں ملوث ہیں۔