ایلون مسک، برنارڈ آرنلٹ، جیف بیزوس اور بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد سمجھے جاتے ہیں۔
مگر ان میں سے کسی کا گھر ایک مسلم حکمران کے محل کا مقابلہ نہیں کر سکتا جسے رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا گھر قرار دیا جاتا ہے۔
یہ ہے برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کا محل آستانہ نور الایمان، جس کا نام دنیا کے سب سے بڑے محل کی حیثیت سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔
یہ گھر برونائی کے دارالحکومت بندر سری بگاوان میں واقع ہے۔
دارالحکومت کے جنوب میں کچھ میل دور دریائے برونائی کے کنارے پر یہ گھر واقع ہے جس کی دیواروں پر سفید رنگ کیا گیا ہے مگر سنہرے گنبد اور مینار دور سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
یہ گنبد 22 قیراط سونے سے سجا ہوا ہے۔ اسی گھر میں سلطان کا خاندان مقیم ہے جس کی تعمیر 1984 میں مکمل ہوئی تھی۔
اس کا ڈیزائن Khuan Chew نے تیار کیا جبکہ اس کی تعمیر Leandro Locsin نامی آرکیٹیکٹ نے کی۔ ایک تخمینے کے مطابق اس محل کی تعمیر پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر خرچ کیے گئے۔
21 لاکھ 52 ہزار 782 اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلے اس محل میں 1788 کمرے اور 257 سے زیادہ باتھ رومز موجود ہیں۔ اس کا بینکوئٹ ہال اتنا بڑا ہے کہ ایک وقت میں وہاں 5 ہزار سے زائد افراد کی دعوت کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح محل کے گیراج میں 110 گاڑیاں کھڑی کی جا سکتی ہیں جبکہ 5 بہت بڑے سوئمنگ پولز بھی یہاں موجود ہیں۔ گھوڑوں کا ائیر کنڈیشنڈ اصطبل، بہت بڑی مسجد اور 18 لفٹس بھی محل کا حصہ ہیں۔
اس محل کی عمارت کے اندر 564 فانوس لگے ہوئے ہیں اور سال بھر میں محض 3 دن (عید الفطر کے موقع پر) وہاں عام افراد کو اندر آنے کی اجازت ہوتی ہے۔
ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ اس محل کی قیمت 2 ارب 55 کروڑ ڈالرز ہے مگر یہ غیر تصدیق شدہ تخمینہ ہے۔ برونائی کے سلطان کا محل ہی دنیا میں سب سے بڑا نہیں بلکہ ان کی گاڑیوں کا ذخیرہ بھی دنگ کر دینے والا ہے۔
دنیا میں سب سے زیادہ رولز رائس گاڑیاں برونائی کے سلطان کی ملکیت ہیں، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں 2011 میں یہ ریکارڈ ان کے نام کیا گیا تھا۔
ایک تخمینے کے مطابق برونائی کے سلطان کی گاڑیوں کی مجموعی مالیت 3 سے 4 ارب ڈالرز ہے۔