بظاہر ریموٹ کنٹرول کی طرح دکھائی دینے والی ڈیوائس کی فوب موجودہ دور کی جدید ترین گاڑیوں کو اَن لاک کرنے کیلئے استعمال کی جاتی ہے لیکن اس کے اور بھی بہت سے فوائد ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق عموماً یہ ڈیوائس ریڈیو فریکوئنسی کا استعمال کرتے ہوئے آپ کی گاڑی کو کنٹرول کرنے کے کام آتی ہے، اس سے صرف گاڑی کا لاک نہیں کھلتا بلکہ یہ دیگر کاموں کیلئے بھی استعمال ہوسکتی ہے۔ کچھ گاڑیاں سرد موسم کے دوران کی فوب کی مدد سے اسٹارٹ بھی کی جاسکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کی فوب میں ریموٹ انجن اسٹارٹ بٹن جس پر ایک تیر بنا ہوتا ہے، وہ دبا کر گاڑی اسٹارٹ کی جاسکتی ہے۔ مختلف گاڑیوں میں کی فوب سے کھڑکیاں بھی کنٹرول کی جاسکتی ہیں۔ اَن لاک بٹن 2بار دبایا جائے اور دوسری بار اس وقت تک دبا کر رکھیں جب تک تمام کھڑکیاں کھل نہ جائیں۔
اسی طرح کچھ ہی گاڑیوں میں دستیاب ایک فیچر کا استعمال کرتے ہوئے جہاں گاڑیاں ہرطرف پارک کی گئی ہوں، وہاں کی فوب کو سائیڈ ویو مررز کو بچانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کیلئے لاک بٹن کو کم از کم 10 سیکنڈز تک دبا کر رکھنا پڑتا ہے۔ کچھ نئی گاڑیوں کی ڈگی بھی کی فوب سے کھولی جاسکتی ہے۔
کم و بیش ہر گاڑی میں کی فوب ڈیوائس میں ایک پینک بٹن موجود ہوتا ہے جو ایمرجنسی الرٹ سسٹم سیٹ کردیتاہے۔ یہاں آپ زیادہ ہجوم والی جگہوں پر گاڑی تلاش کرسکتے ہیں۔ اگر سنسان جگہ پر گاڑی کھڑی ہو تو اسے بچوں سے تحفظ بھی فراہم کیاجاسکتا ہے۔ کچھ گاڑیوں میں یہ ڈیوائس سیٹ ایڈجسٹ بھی کرسکتی ہے۔
کسی بھی جگہ پارکنگ لاٹ میں محدود جگہ ہونے کی صورت میں کی فوب اردگرد کھڑی گاڑیوں سے ٹکرائے بغیر گاڑی پارک کرنے کیلئے بھی استعمال ہوتی ہے، تاہم گاڑی ان لاک کرنا کی فوب کا بنیادی فیچر ہے اور اب زیادہ سے زیادہ گاڑیاں کی لیس انٹری کے فیچر کو استعمال کر رہی ہیں۔