قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے قبل ہی میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست کا خوف لاحق ہوگیا جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے پہلے سے بلند ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کوچ فل سمنز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو کمزور مقابل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیربئین جزائر میں پاکستان ہمیشہ ایک سخت جان حریف ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بارش کا شکار ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم صرف ایک میچ جیت کر کامیاب ہوئی تھی تاہم 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز کل جمعرات کے روز ہوگا۔
حال ہی میں ورچؤل میڈیا کانفرنس کے دوران ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ گزشتہ دو سیریز کے دوران پاکستان نے میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دیا جس سے ان کے حوصلے بلند ہیں۔
کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ فل سمنز نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف بھی اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے۔ ہوم گراؤنڈ کے باوجود ہمارا حوصلہ کمزور ہوگا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم پاکستان کو شکست دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہمیں بیٹنگ میں نمایاں بہتری اور اننگز میں مسلسل 400رنز بنانے کی ضرورت پیش آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کیلئے اچھا ہوم ورک نہیں کرپائے، قبل ازیں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہی ویسٹ انڈین کھلاڑی 97رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
گیانا میں تربیتی سیشن اور انٹرا اسکواڈ میچ بارش سے متاثر رہا۔ بعد ازاں قومی کرکٹ ٹیم جمیکا پہنچ گئی۔ ہوٹل آنے پر کورونا کا ٹیسٹ ہوا جس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد ٹریننگ کی اجازت دے دی گئی۔
پریکٹس سیشن منگل کے روز 3 گھنٹے تک جاری تھا جس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم نے مختلف جسمانی ورزشیں کیں اور نیٹ پریکٹس کے دوران ٹیسٹ میچز کی سیریز کی تیاری کی۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے مابین اب تک کھیلے گئے 52 ٹیسٹ میچز میں سے قومی کرکٹ ٹیم نے 20 جبکہ ویسٹ انڈیز نے 17 جیتے جبکہ 15 میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔
مجموعی طور پر 17 سیریز میں سے پاکستان کے حصے میں 6 جبکہ ویسٹ انڈیز کے حصے میں 5 کی فتح آئی۔ 6 سیریز میں کوئی ٹیم فاتح ثابت نہیں ہوسکی۔ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کامیابی کیلئے پر امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بھرپور نیٹ پریکٹس، فزیکل اور فیلڈنگ سیشنز میں شرکت