مشہور و معروف کینیڈین گلوکار ویکنڈ نے موسیقی کی دُنیا کے اہم ایوارڈز گرامی کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اعزازات کی تقریب سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں گرامی میوزک ایوارڈز نے اپنے ڈھانچے میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے متنازعہ نامزدگی نظرِ ثانی کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کینیڈین گلوکار نے واضح کیا کہ وہ تقریب کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
معروف گلوکار ویکنڈ نے کہا کہ بے شک میں اپنی موسیقی کو پیش نہیں کروں گا، پھر بھی گرامی ایوارڈز کی طرف سے بدعنوانی کا اعتراف مستقبل میں ان کے متنازعہ ایوارڈز کیلئے ایک مثبت اقدام ہے جس سے فنکار برادری کو وہ عزت و احترام حاصل ہوسکے گا جس کا وہ حق رکھتی ہے۔
کینیڈین گلوکار نے کہا کہ ایوارڈز حاصل کرنے کیلئے ووٹنگ کا شفاف طریقہ کار فنکار برادری کا حق ہے۔ میرا خیال ہے کہ تمام فنکار اور عوام ایوارڈز کا ایک شفاف نظام دیکھنے کے خواہش مند ہیں اور یہ ایک اہم آغاز ہے تاہم مجھے گرامی کے ایوارڈز کے حصول میں کوئی دلچسپی نہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل موسیقی کی دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کو ایوارڈز دینے والی گرامی انتظامیہ نے دھاندلی کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد خفیہ نامزدگی کمیٹیوں کے طریقۂ کار کو ختم کردیا۔
نام نہاد خفیہ کمیٹیوں کے ذریعے ایوارڈز کیلئے فنکاروں کو نامزد کیا جاتا تھا جن میں سے ایوارڈ دینے کیلئے بہترین فنکار کا انتخاب کرنا ہوتا تھا جس پر الزام عائد کیا گیا کہ ایوارڈز من پسند فنکاروں کو دے دئیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: گرامی انتظامیہ نے ایوارڈز کیلئے خفیہ نامزدگی کمیٹیوں کا طریقۂ کار ختم کردیا