پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔شہری موسم کا لطف اٹھانے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں بشمول مال روڈ، گڑھی شاھو، مغل پورہ، لکشمی چوک، گوالمنڈی، سمن آباد، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت مختلف علاقوں کے علاوہ پنجاب کے ایک اور شہر قصور اور گردونواح۔ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
صبح سویرے پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے والے شہروں میں فیصل آباد اور جھنگ بھی شامل ہیں جہاں بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں۔ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں اور کرک میں بھی بارش ہوئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ اس دوران چندمقامات پر ژالہ باری کی توقع بھی ظاہر کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کے پی کے، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔