راولپنڈی: سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دیگی۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف کی سربراہی میں منعقدہ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
میجر جنرل بابر افتخار نے اس موقع پر کہا کہ فورم نے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
سپہ سالار نے کہا کہ مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے اور ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔
آرمی چیف نے تمام فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ بنیادی فوجی تربیت کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ روایتی کارروائیوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور آرمی چیف کا بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے ہمراہ دن گزارنے کا فیصلہ