کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر آباد میں اس وقت 145 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کے لیے 3.76 ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ کی زیر صدارت ضلع شہید بے نظیر آباد کے ترقیاتی کاموں سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، صوبائی وزراء نثار کھوڑو، شبیر بجارانی اور سعید غنی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، متعلقہ سیکریٹریز، ممبر (ڈویلپمنٹ) پی اینڈ ڈی فتاح تنیو اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید بے نظیر آباد میں 145 ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں جن کی لاگت 5.77 ارب روپے ہے جبکہ 3.76ارب جاری کردئیے گئے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک شہید بے نظیر آباد کے ترقیاتی منصوبوں پر 2.58 ارب روپے کے اخراجات ہوئے ہیں جبکہ 117 منصوبے رواں سال کے دوران مکمل ہوجائیں گے۔