پاکستان مسلم لیگ (ق) رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ہم نے وزیر اعظم کا استعفیٰ دلانے کی کوئی بات نہیں کی، نہ اس کی کوئی یقین دہانی کروائی گئی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اسمبلیاں تحلیل کرانے کے بارے میں بھی کوئی گارنٹی نہیں دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کی طرف سے آزادی مارچ کا پلان سی بھی سامنے آگیا، رہبر کمیٹی کنوینر اور جے یو آئی اکرم درانی نے اعلان کیا کہ ہم جمعے کے روز سے ایک بار پھر احتجاج شروع کر رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر تین روز قبل میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کنوینر اکرم درانی نے کہا کہ کل سے ہم ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کریں گے۔
جے یو آئی (ف) لیڈر اکرم درانی نے کہا کہ آج جمعیت علمائے اسلام کی صوبائی قیادت بیٹھ کر آزادی مارچ کے پلان سی کو عملی جامہ پہنانے پر غور کرے گی اور اس کا نتیجہ کل ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کی صورت میں نکلے گا۔
اکرم درانی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو چاہئے کہ اخلافی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیں۔ تحریک انصاف فنڈنگ میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ اب ختم سمجھے، فارن فنڈنگ کیس سے پی ٹی آئی کا اختتام قریب ہے۔
مزید پڑھیں: آزادی مارچ، پلان سی: ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج ہوگا۔رہبر کمیٹی