اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی پر وفاقی حکومت کے خلاف بروقت احتجاج پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پریشانی آج ہے تو حکومت کے خلاف احتجاج کیلئے مارچ کے آخر تک انتظار کیوں کریں، وزیراعظم عوام کے مسائل کرنے کے بجائے وزرا میں تعریفی اسناد دے رہے ہیں۔
جن سے سی پیک پروجیکٹ نہیں چل سکا اس کو بھی سرٹیفکیٹ دیدیا،ہر دفعہ کی طرح وزیراعظم عمران خان نے ملتان کے ساتھ زیادتی کی، اپنے وزیر خارجہ کو کاغذ کا ایک سرٹیفکیٹ بھی نہیں دیا، اگر چین کا دورہ کامیاب تھا تو وزیر خارجہ کا سرٹیفکیٹ کہاں گیا؟ملک میں زرعی بحران ہے۔
حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، نالائق حکمران کا بندوبست کرنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے، اسلام آباد پہنچ کر حساب لینگے،ہم پر الزام لگانے والا پرویزمشرف عدالت سے سرٹیفائڈ غدار اور آج ملک سے فرار ہے۔جمعرات کو لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پی پی پی کے جنوبی پنجاب ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک پر مسلط کٹھ پتلی حکمرانوں سے ہر صورت جان چھڑانی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اس کٹھ پتلی نظام کا خاتمہ کرنا ہے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے آج کا کسان بری طرح پس رہا ہے، اب عوامی مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر حساب لیں گے، پیپلزپارٹی نے سلیکٹڈ اور نالائق حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، ہم نے یہ جنگ مل کر لڑنی ہے۔
انہوں نے کہا ہم نے اس کٹھ پتلی نظام کا خاتمہ کرنا ہے، پیٹرول اور گیس بحران کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا، پیپلزپارٹی نے یوریا بحران کے خلاف ٹریکٹر مارچ کیا، آج کسان کا مسئلہ کل ہر پاکستانی کے لیے فوڈسیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ ملک میں زرعی بحران ہے، حکومت کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے۔
تاہم پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے اور ہم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج مہنگائی عروج پر ہے تو ہم کل تک انتظار کیسے کرسکتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ اس نالائق کا بندوبست کرنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھ سکتے، ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم سے حساب لیں گے، موجودہ حکومت کی نااہلی بے نقاب کریں گے۔
ہمیں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی مہم چلانی ہے۔چیئرمین پی پی پینے کہا کہ کسان کا مسئلہ کل پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا، اب بھی کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے مہنگائی اور موجودہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، آج ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، مہنگائی سے لوگ تنگ ہیں۔
عوام کو پریشانی آج ہے تو اس حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے مارچ کے آخر تک انتظار کیوں کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تبدیلی کے نام پر تباہی کر رہی ہے، اس حکومت کے خلاف ہمارے احتجاج کی مہم نئے مرحلے میں داخل ہونی ہے، پی پی عام آدمی کی جماعت ہے۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ سے ورچوئل حلف لینے کی اجازت دینے کی درخواست کردی