کراچی:وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی کراچی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ اور ایچ ٹی ایم ڈویژن نے مشترکہ آپریشن کرکے ڈسٹرکٹ ویسٹ منگوپیر میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کر دیئے۔ آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل انچارج واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں ہوا، آپریشن میں متعلقہ ڈویژن ایچ،ٹی،ایم کا عملہ موجود تھا۔
انچارج اینٹی تھیفٹ سیل کا کہنا تھا کہ ایک غیر قانونی ہائیڈرنٹ ایم،پی،آر کالونی جہاں ملزمان نے 66 انچ کی لائن سے 4 انچ کا کنکشن اور دوسرا غازی گوٹھ اورنگی ٹاؤن جہاں سے 24 انچ کی لائن سے 3 انچ کا غیر قانونی کنکشن لگا کر ڈسٹرکٹ ویسٹ کا پانی چوری کرکے غیر قانونی ہائیڈرنٹس سے ٹینکروں کے ذریعے مختلف ایریاز میں فروخت کرتے تھے وہ غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران تین افراد، ایک ٹریکٹر، ایک ٹینکر، پمپس اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے کر متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دیئے گئے ہیں، جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کروا دیا گیا ہے۔
اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے انکو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
مزید پڑھیں: ناصر شاہ کا بڑا فیصلہ، کراچی واٹر بورڈ کے 352 سینئر افسران کو ترقی دیدی گئی