لاہور: مشیر کھیل پنجاب اور سابق کرکٹر وہاب ریاض نے پنجاب بھر میں سمر کیمپ کے کامیاب انعقاد کے بعد سپورٹس اکیڈمیز قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
مشیر کھیل پنجاب کا کہنا تھا کہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے تربیتی سپورٹس کیمپ 27 جنوری تک جاری رہیں گے۔ لاہور میں 14 کھیلوں کی اکیڈمیز قائم کی جارہی ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ باقی اضلاع میں 6 کھیلوں کی اکیڈمیز قائم کی جارہی ہیں، اسکول کی مصروفیات کو سامنے رکھتے ہوئے ہفتہ میں تین دن اکیڈمیز کام کریں گی۔
مشیر کھیل پنجاب نے کہا کہ جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو 4 بجے سے 6 بجے تک بچے کیمپس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سوئمنگ کی ماہانہ رجسٹریشن 5000 ہزار اور باقی کھیلوں کی 2000 ہزار روپے ہوگی۔
اکیڈمیز میں ماہر کوچز بچوں کو تربیت دیں گے، کیمپ اور اکیڈیمز گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو نکھارنے میں مدد دیں گی۔
مزید پڑھیں:پاک بھارت میچ، قومی ٹیم کو جوش و جذبے سے میدان میں اترنا ہوگا۔وہاب ریاض
مشیر کھیل پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے عمل کا کل سے آغاز کیا جائے گا، معلومات کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب ویب سائٹ وزٹ کریں۔