لاہور:قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہوں۔اپنے بیان میں وہاب ریاض نے کہا کہ ٹور غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے، پی سی بی نے ٹیسٹ کیلئے دستیابی کا پوچھا تو انکار نہیں کرسکا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ مستقبل میں بھی ضرورت پڑی تو کھیلنے کے لیے تیار ہوں گا، میرے لئے وائٹ یا ریڈ بال نہیں ملک کی نمائندگی اہم ہے، اگرچہ گزشتہ کافی عرصہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، فی الحال آسانی نہیں پاکستان کی ضرورت کو دیکھنا ہے۔ملک کے لئے کھیلنے کو ہمیشہ ترجیح دی۔
فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ پروفیشنل کے طور پر چیلنج کے کیلیے تیار ہوں، نوجوانوں کیساتھ اپنا تجربہ شیئر کروں گا،کیریئر کے دوران بطور پلیئر اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں، زیادہ کرکٹ دبئی میں کھیلی جہاں اسپنرز کا کردار اہم رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میں مواقع نہ ملنے کی وجہ سے فارمیٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، اب ضرورت محسوس کی تو تیار ہوگیا، ڈراپ ہونے پر بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں، نوجوان بولرز پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں، ان کی رہنمائی کی پوری کوشش کروں گا۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ سے زیادہ اہم ہے کہ مینجمنٹ نے اپنے پلان میں شامل رکھا، کارکردگی دکھاؤں گا، تو اگلے سال کنٹریکٹ بھی مل جائے گا۔