تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک روزہ دورۂ ایران کے دوران ایرانی شہر مشہد پہنچنے کے بعد پیغام دیا کہ خطے میں قیامِ امن و استحکام کے لیے دورۂ ایران بہت اہم ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں مشہد پہنچ چکا ہوں، خطے میں امن و امان اور افہام و تفہیم کے لیے فضا قائم کرنے کے حوالے سے دورہ اہمیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورۂ مشہد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے امام رضا علیہ السلام کے مزار پر فاتحہ خوانی کی جہاں ہم نے امتِ مسلمہ کے لیے دُعا کی۔
ٹوئٹر پر شیئر کردہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی شہر مشہد میں قائم امام رضا علیہ السلام کے مزار پر قرآن خوانی کی۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امام رضا علیہ السلام کے مزار پر کچھ دیر موجود رہے اور انہوں نے روضۂ امام رضا علیہ السلام کی زیارت کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امام رضا علیہ السلام کے مزار پر نماز بھی ادا کی۔ اس موقعے پر وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔
اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہم نے نماز کی ادائیگی کے بعد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دُعائیں کیں۔
Arrived in Mashad, Iran commencing my trip to build better understanding & peace in the region. Honoured to pay my respects at the Holy Shrine of Imam Reza (A.S), descendant of Hazrat Muhammad (PBUH) as my first stop where I prayed for Muslim unity & regional stability. pic.twitter.com/LYs7KOEzAj
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) January 12, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہمسایہ اسلامی ملک ایران کے ایک روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے جس کے بعد وہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔بعد ازاں وزیر خارجہ کی امریکا روانگی بھی جلد متوقع ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ خطے کے اہم ممالک کے دورے پر روانہ ہوئے جبکہ اس موقعے پر سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے ساتھ ساتھ وزارتِ خارجہ حکام کا ایک وفد ان کے ہمراہ ہے۔
مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ